نئی دہلی4مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پنجاب نیشنل بینک اور کچھ دوسرے بینک گھوٹالوں، رافیل سودے، آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ، بے روزگاری جیسے مسائل اور اپوزیشن کے حکومت پر سیاسی بدلے کے جذبے سے کام کرنے کے الزامات کے ایشوز پر پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ ہنگامہ خیز رہنے کے آثار ہیں۔شمال مشرق کی تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے سایہ بھی پارلیمنٹ سیشن پر دیکھنے کو ملیں گے کیونکہ ان میں مضبوط ہوکر ابھری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپوزیشن کے حملوں کو دھندلا کر غالب رہنے کی کوشش کرے گی۔برسراقتدار پارٹی سابق وزیر خزانہ اور کانگریس لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کی آئی این ایکس میڈیا گھوٹالے میں گرفتاری کا بھی مسئلہ اٹھائے گی جبکہ کانگریس اسے پہلے ہی انتقامی جذبے سے اٹھایا گیا قدم بتا رہی ہے۔